پیٹرول ڈیلرز کا فیول ریلیف اسکیم پر تحفظات، طریقہ کار بدلنے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے فیول ریلیف اسکیم کے موجودہ طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ طریقہ کار کے تحت اسکیم پر عمل درآمد پیٹرول ڈیلرز کے لیے ممکن نہیں۔پی پی ڈی اے کے ترجمان کے مطابق ملک بھر کے پیٹرول ڈیلرز میں فیول ریلیف اسکیم کے حوالے سے تشویش بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ طریقہ کار میں مصنوعی ذہانت کے دور میں جعلی آئی ڈیز کے ذریعے فراڈ کا خدشہ موجود ہے، جبکہ جعلی آئی ڈیز سامنے آنے کی صورت میں ہونے والے مالی نقصان کا بوجھ بھی پیٹرول ڈیلرز کو برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ اسکیم کے تحت انوائسز کی جانچ پڑتال بھی ایک بڑا عملی مسئلہ بن سکتی ہے۔ ایک پیٹرول پمپ پر ایک ہی لائن میں 35 سے 50 موٹر سائیکلیں کھڑی ہوتی ہیں، ایسے میں ہر موٹر سائیکل کی انوائس چیک کرنا عملی طور پر انتہائی مشکل ہوگا۔پی پی ڈی اے کے مطابق انوائس چیکنگ کے باعث پیٹرول پمپس پر طویل قطاریں لگنے کا خدشہ ہے، جس سے عوام کو طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ پیٹرول ڈیلرز کو بھی شدید آپریشنل مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ رش کے دوران اگر 10 سے 15 صارفین انتظار سے تنگ آکر پیٹرول پمپ سے واپس چلے گئے تو اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا ازالہ ڈیلرز کیسے کریں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ طریقہ کار میں ڈیلرز کو ایسے مالی اور انتظامی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جنہیں برداشت کرنا ان کے لیے مشکل ہوگا۔پیٹرول ڈیلرز نے فیول ریلیف اسکیم میں فوری اور مکمل تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر پیٹرولیم فوری طور پر ڈیلرز سے ملاقات کرکے ان کے تحفظات دور کریں اور اسکیم کا طریقہ کار پیٹرول ڈیلرز کی مشاورت سے طے کیا جائے۔پی پی ڈی اے کے مطابق حکومت عوام کو جتنا چاہے ریلیف فراہم کرے، تاہم پیٹرول ڈیلرز کو براہ راست اس عمل کے درمیان میں نہیں ڈالا جانا چاہیے۔ ایسوسی ایشن کا مطالبہ ہے کہ ریلیف براہ راست حکومت اور آئل کمپنیوں کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے اور اس عمل کی ذمہ داری پیٹرول ڈیلرز پر عائد نہ کی جائے۔ترجمان نے کہا کہ ڈیلرز کو اسکیم سے متعلق مکمل معلومات فراہم نہ ہونے کی صورت میں عوامی شکایات میں اضافے کے ساتھ ساتھ پیٹرول پمپس پر آپریشنل مسائل بھی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ پیٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت پر زور دیا ہے کہ اسکیم کے نفاذ سے قبل تمام عملی مشکلات اور ڈیلرز کے تحفظات کو دور کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے