پاکستان اور کرغزستان میں مختلف شعبوں میں اہم معاہدے
بشکیک: پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشتگردی، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔معاہدوں پر دستخط کی تقریب کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر نے بھی شرکت کی۔ معاہدوں کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور کرغز صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور کرغز جمہوریہ کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ پاکستان اور کرغزستان دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں گے اور اس حوالے سے باہمی تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نجی شعبوں کے درمیان تجارتی روابط کو وسعت دینے میں معاونت کریں گے۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بھی پاکستان اور کرغزستان میں اتفاق رائے ہوا ہے، جبکہ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔انہوں نے کاسا توانائی منصوبے سے متعلق معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کے قیام کو بھی خوش آئند قرار دیا۔ وزیراعظم کے مطابق اس اقدام سے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور منصوبے پر پیش رفت کی توقع ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کے لیے کاروباری قوانین اور طریقہ کار کو مزید آسان بنائیں گے۔ پاکستان اور کرغزستان باہمی تجارت کو 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں ہیں، جس کے لیے نجی شعبے کے روابط اور تجارتی مواقع میں اضافہ کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ مختلف شعبوں میں ہونے والے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے نئے مرحلے کا آغاز ہیں، جن سے باہمی روابط مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں