جیا بچن نے ارشد وارثی کی اہلیہ کو شادی سے پہلے کیا سمجھایا؟
ممبئی: بالی ووڈ اداکار ارشد وارثی نے انکشاف کیا ہے کہ لیجنڈری اداکارہ جیا بچن نے ان کی اہلیہ ماریا گورٹی کو شادی سے قبل اداکار سے شادی کے ممکنہ چیلنجز سے آگاہ کیا تھا۔حال ہی میں ایک انٹرویو میں ارشد وارثی نے بتایا کہ جیا بچن نے ماریا گورٹی سے اپنی ذاتی زندگی کے تجربات کی بنیاد پر گفتگو کی اور انہیں سمجھایا کہ کسی اداکار سے شادی کرنا زندگی کے مشکل ترین فیصلوں میں سے ایک ہوسکتا ہے۔ارشد وارثی کے مطابق جیا بچن نے ماریا سے کہا تھا کہ ’’زندگی میں سب سے مشکل کاموں میں سے ایک اداکار سے شادی کرنا ہے۔‘‘ انہوں نے ماریا سے یہ بھی سوال کیا تھا کہ ’’کیا آپ اس کے لیے تیار ہیں؟‘‘اداکار نے بتایا کہ جیا بچن نے انہیں یہ بھی سمجھایا تھا کہ اداکار کا پیشہ عام ازدواجی زندگی سے مختلف ہوتا ہے، کیونکہ کام کی نوعیت کے باعث انہیں اکثر دلچسپ اور خوبصورت لوگوں کے ساتھ وقت گزارنا پڑتا ہے۔ارشد وارثی کے مطابق جیا بچن کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں میاں بیوی کے درمیان محبت اور اعتماد عام رشتوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط ہونا چاہیے، تاکہ پیشہ ورانہ زندگی سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں اور مشکلات کو بہتر انداز میں عبور کیا جاسکے۔ارشد وارثی نے جیا بچن کی جانب سے دی گئی اس نصیحت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار کی زندگی اور اس سے جڑی مصروفیات کو سمجھنا ازدواجی رشتے کے لیے اہم ہے، کیونکہ شوبز سے وابستہ افراد کو اپنے کام کے دوران مختلف لوگوں کے ساتھ وقت گزارنا پڑتا ہے۔واضح رہے کہ جیا بچن اور امیتابھ بچن کی شادی 1973 میں ہوئی تھی، جبکہ ارشد وارثی اور ماریا گورٹی نے 1999 میں شادی کی تھی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں