وزیراعظم شہباز شریف سے جائیکا کے صدر کی ملاقات، پاکستان جاپان تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر تناکا اکیہیکو کی قیادت میں 9 رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ شراکت داری، معاشی اصلاحات اور مختلف ترقیاتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان اور جائیکا کے ساتھ اپنی دہائیوں پر محیط شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جائیکا کے صدر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات اور ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے مشترکہ کوششوں سے معاشی چیلنجز پر قابو پایا ہے اور اب پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ان کے مطابق حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں گزشتہ تین برسوں کے دوران سرکاری محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر، تکنیکی تربیت اور باعزت روزگار کی فراہمی، خواتین کو بااختیار بنانا اور معدنیات کے شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے معدنیات کے شعبے میں جائیکا کے تکنیکی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) میں اصلاحات کی گئی ہیں اور اس شعبے میں جائیکا کا تعاون برآمدات بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے حالیہ زلزلے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر جاپانی عوام سے اظہارِ تعزیت بھی کیا، جس پر ڈاکٹر تناکا اکیہیکو نے ان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر جائیکا کے صدر نے پاکستان میں پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ صحت، تعلیم، شہری و دیہی ترقی، فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور صنعتی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔ڈاکٹر تناکا اکیہیکو نے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان سمیت عالمی برادری ان اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ملاقات میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، حنیف عباسی، سردار اویس احمد خان لغاری، شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے معاونینِ خصوصی سید طارق فاطمی، ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے