پاک چین افواج علاقائی امن اور مشترکہ مفادات کے تحفظ میں حقیقی شراکت دار ہیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر
راولپنڈی: چینی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کی 99ویں سالگرہ کے موقع پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور چین نے دفاعی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ تھے، جبکہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔فیلڈ مارشل، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے 99ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کی اور چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے پی ایل اے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی منفرد، آزمودہ اور ہر طرح کے علاقائی و عالمی چیلنجز کے باوجود مضبوط رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی باہمی اعتماد، غیر متزلزل تعاون، علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے لیے حقیقی شراکت دار ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور کردار کو سراہا اور اس یادگاری تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔چینی سفیر نے پاکستان کے لیے چین کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے غیر متزلزل عزم کا اظہار بھی کیا۔اردو ٹیگز:
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں