احسن خان انٹرنیشنل ہارر فلم ’فراموش‘ میں مرکزی کردار نبھائیں گے
گل بات: معروف پاکستانی اداکار احسن خان انٹرنیشنل ہارر فیچر فلم ’فراموش‘ میں اداکار و پروڈیوسر صمد عارض کے ہمراہ مرکزی کردار ادا کریں گے۔
یہ فلم ایمبرلائن اسٹوڈیو لمیٹڈ کے بینر تلے تیار کی جا رہی ہے اور اسے رواں سال کی نمایاں عالمی مشترکہ فلمی پروڈکشنز میں شمار کیا جا رہا ہے۔ فلم کے مصنف اور ہدایت کار معروف فلم ساز ابو علیہا ہیں، جبکہ اس کی باقاعدہ شوٹنگ یکم ستمبر سے برطانیہ میں شروع ہوگی۔
فلم کی عکس بندی ستمبر کے وسط تک برطانیہ کے مختلف مقامات پر جاری رہے گی۔ ’فراموش‘ ایک منفرد اردو پنجابی ہارر تھرلر فلم ہے، جس میں پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت فنکار ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔
فلم کا مقصد ناظرین کو ایک منفرد اور سنسنی خیز سینما تجربہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سرحد پار تخلیقی تعاون کو فروغ دینا بھی ہے۔
فلم کے پروڈیوسر و اداکار صمد عارض کا کہنا ہے کہ ان کا وژن عالمی معیار کی ایسی فلمیں بنانا ہے جو پاکستانی کہانیوں اور فنکاروں کی صلاحیتوں کو دنیا بھر میں متعارف کرائیں۔ ان کے مطابق بین الاقوامی معیار کی فلمی پروڈکشنز نہ صرف پاکستان کی فلم انڈسٹری کو مضبوط بنائیں گی بلکہ سینما کلچر کی بحالی اور شائقین کو دوبارہ سینما گھروں تک لانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔
ماہرین کے مطابق ’فراموش‘ جنوبی ایشیا کی متوقع نمایاں ہارر فلموں میں شامل ہو سکتی ہے اور عالمی سینما میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں