پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمر ایوب اور شبلی فراز کیخلاف کارروائی سے روک دیا

پشاور ہائیکورٹ نے رہنما تحریک انصاف عمر ایوب اور شبلی فراز کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کو کارروائی سے روک دیا ہے۔

عمر ایوب اور سینیٹر شبلی فراز نے الیکشن کمیشن کی جانب سے انہیں ڈی نوٹیفائی کرنے کے فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، عدالت نے دونوں رہنماؤں کی درخواستوں پر فیصلے میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن درخواست گزاروں کے خلاف مزید کارروائی نہ کرے۔

دونوں رہنماؤں کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں دائر کردہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر قانونی، غیر آئینی اور بدنیتی پر مبنی ہے۔

درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں سنے بغیر ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ جاری کیا، جو کہ انصاف کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے، ہمیں صفائی کا موقع دیے بغیر فیصلہ سنایا گیا جو غیرقانونی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے