امریکی بمباری کا کوئی جواز نہیں، ایران کی مددکریں گے: پیوٹن

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ایران پر امریکی بمباری کا کوئی جواز نہیں، ایرانی عوام کی مدد کی کوشش کریں گے۔

ایرانی جوہری تنصیبات پر حملےکے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی گزشتہ روز  روس کے دارالحکومت ماسکو  پہنچے جہاں آج انہوں نے ماسکو  میں روسی صدر ولا دیمیر  پیوٹن سے ملاقات کی۔

ایرانی وزیرخارجہ سے ملاقات میں روسی صدر نے ایران کے خلاف جارحیت کو  بے بنیاد قرار  دیا اور کہا کہ ایران پر امریکی بمباری کا کوئی جواز نہیں ہے۔ روس کے ایران کے ساتھ اچھے تعلقات ہے، ایرانی عوام کی مددکی کوشش کریں گے، موجودہ تنازع پر روس کا مؤقف واضح ہے اور اس کا اظہار  سکیورٹی کونسل میں بھی کرچکے ہیں۔

روسی صدر نے مزید کہاکہ یہ ملاقات ہمیں موجودہ صورتحال سے نکلنے کے راستے تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔روسی صدر نے ایرانی وزیر خارجہ کو پیغام دیا کہ ان کی نیک تمنائیں ایرانی صدر  اور  رہبرِ اعلیٰ تک پہنچائیں۔

ایرانی وزیرخارجہ نے روسی صدر سے ملاقات میں امریکا اور  اسرائیلی اقدامات کو غیرقانونی اور  ناجائز قرار  دیا اور کہا کہ  روس تاریخ کی درست سمت میں کھڑا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے روسی صدر سے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر اور صدر نے آپ کےلیے نیک تمنائیں بھیجی ہیں، ہم اپنے روسی دوستوں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ایران کے خلاف ان اقدامات کی مذمت کی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے