بلاول بھٹو نے سیاسی بحران کا ذمہ دار عدلیہ کو قرار دیدیا
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے ہماری عدلیہ نے ارشد ندیم کی طرح ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے، ہماری عدلیہ ناصرف عدالت چلا سکتی ہے بلکہ ڈیم بھی بنا سکتی ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ارشد ندیم کو پوری قوم کی جانب سے مبارک باد دینا چاہتا ہوں، ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، لیاری کے بچے فیفا ورلڈ کپ جیت کر لاسکتے ہیں، وفاق، وزیر کھیل اور صوبائی وزراء کے ساتھ بیٹھ کر انڈوومنٹ فنڈ قائم کرے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا آج کل ملک میں نفرت کی سیاست عروج پر ہے، جس قسم کی تقسیم آج کل سیاست میں ہے ایسی تقسیم کبھی نہیں دیکھی، پاکستان کے عوام معاشی بحران سے گزر رہے ہیں، ملک مین لا ینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے، ٹی وی کھولیں تو ہم ایک دوسرے کو گالیاں دے رہے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ سیاسی کارکن بنگلا دیش کے حالات بہت غور سے دیکھ رہے ہیں، بنگلا دیش میں شہیدوں کے کوٹے سے متعلق احتجاج ہوا، احتجاج شروع ہوا تو حسینہ واجد کو حکومت چھوڑنا پڑی، ہمیں عوام کے اصل مسائل کی طرف توجہ دینی چاہیے، پاکستان کے مسائل کچھ آپ کے ہاتھ میں ہیں کچھ آپ کے ہاتھ میں نہیں۔
اداروں کے درمیان فاصلہ نظر آ رہا ہے، ایک ادارہ بار بار مداخلت کرتا ہے، عدلیہ کی تاریخ سب کے سامنے ہے، ہماری عدلیہ نے ارشد ندیم کی طرح ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے، ہماری عدلیہ اتنی قابل ہے کہ نہ صرف عدالت چلاتی ہے ڈیم بھی بنا سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں