پاکستان اور یو اے ای کے درمیان ویزا فری انٹری سمیت مختلف معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ وزارتی کمیشن اجلاس میں  ویزا فری انٹری، مشترکہ سرمایہ کاری ٹاسک فورس اور مصنوعی ذہانت کے معاہدوں پر دستخط کردئیے گئے۔

وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا 12 واں اجلاس ابوظبی میں ہوا جس کی صدارت وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید نے کی۔

مشترکہ کمیشن نے تجارت، توانائی اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون اور دونوں ممالک میں بین الوزارتی رابطہ کاری کوفروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک میں ڈپلومیٹک ویزا استثنیٰ اور مصنوعی ذہانت کے معاہدے پر دستخط کیے گئے جب کہ  پاک امارات مشترکہ کمیشن کا 13واں اجلاس پاکستان میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جب کہ خوراک، موسمیاتی تبدیلی، ریلوے، صحت اور افرادی قوت کے شعبوں میں بھی اشتراک بڑھانے کا عزم کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں ویزا فری انٹری معاہدہ، مشترکہ سرمایہ کاری ٹاسک فورس اور مصنوعی ذہانت کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔

وزیر خارجہ اسحق ڈار متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید سے مشترکہ وزارتی کمیشن اجلاس سے قبل مصافحہ کر رہے ہیں (فوٹو اے پی پی )

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے