پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسےکا اضافہ، نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر

حکومت  نے  پیٹرولیم  مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے، پیٹرول کی نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق   پیٹرول پرفی لیٹرلیوی 3 روپے 88 پیسے کم کردی گئی ہے جب کہ ڈیزل پرفی لیٹر 28 روپے 69 پیسے لیوی عائد کی گئی ہے، ڈیزل پر پہلے لیوی صفر تھی۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ کل یکم مئی کی چھٹی ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان آج  ہی کیا گیا۔

پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے کسی قسم کی ہڑتال کا اعلان نہیں کیا: ترجمان اوگرا

دوسری جانب ترجمان اوگرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پرپیٹرولیم ڈیلرزکی مبینہ ہڑتال سے متعلق جعلی خبریں گردش کررہی ہیں، کسی بھی پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے کسی قسم کی ہڑتال کا اعلان نہیں کیا۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ یکم مئی سے پیٹرول پمپس کی بندش کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے گی۔

پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ جنگ کے آغاز سے ہی پیٹرولیم سپلائی بلاتعطل برقرار رکھی گئی ہے، مستقبل میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی یقینی بنائی جائے گی۔

خیال رہے کہ ایران کے خلاف مزید جنگی کارروائیوں پر غور ، ناکہ بندی اور آبنائے ہرمز کی مسلسل بندش کے باعث عالمی سطح پر تیل قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے اور  آج تیل کی قیمتیں 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔

تاہم اب عالمی مارکیٹ میں مسلسل اضافے کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل 124ڈالر سے کم ہوکر 114ڈالر فی بیرل پر آگیا جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 110 ڈالر فی بیرل سے 104ڈالر فی بیرل پر آگیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے