چین نے آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری میں تعاون کی یقین دہانی کروائی، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب  نے کہا  ہے  کہ چین نے آئی ایم ایف کے ساتھ  معاہدہ اور بورڈ سے منظوری کی حمایت کا یقین دلایا ہے ، دورہ چین کے دوران پانڈا بانڈ جاری کرنے پر بھی بات چیت ہوئی ،معیشت کی بہتری کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں ، زرعی شعبہ ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے صوبے قانون سازی کریں گے ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب  نے کہا کہ  ملکی معشیت کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہےہیں، یکم جولائی سے انڈسٹری کو 68 ارب کے ریفنڈز دیے جا چکے ہیں، ہمیں تمام سرمایہ کاری برآمدی صنعتوں میں کرنا ہوگا۔میں سیلری کلاس میں سے ہی آیا ہوں، کوشش کر رہےہیں نچلےطبقے پر ٹیکس کا بوجھ نہ ڈالا جائے، احساس ہے کہ مشکل فیصلوں سے عوام کومشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 

وزیر خزانہ نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات سے متعلق وزیراعظم ہر ہفتے اجلاس کر رہے ہیں، زراعت کو ٹیکس رجیم میں لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، وزرائے اعلیٰ زرعی ٹیکس کے حوالے سے قانون سازی کریں گے، مائیکرو استحکام کے لیے آئی ایم ایف پروگرام لے رہے ہیں، اگر ہم مائیکرو استحکام نہیں لاتے تو مسائل ہوں گے۔ 

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا  کہ توانائی بحران پر قابو پانے کےلیے مستقل لائحہ عمل تشکیل دینے کی ضرورت ہے، شارٹ ٹرم عوامی فیصلوں سے عوام کو مشکلات ملی ہیں، آئی پی پیز کا اسٹرکچرل حل نکالنا ہوگا، ہمیں بورڈز کو تبدیل کرنے میں 4 ماہ لگ گئے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی سے منسلک ہیں۔ دورہ چین کے دوران پانڈا بونڈ پربات چیت ہوئی، چین کے وزراء نے آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارے مذاکرات کو سراہا، ہمیں چین اورامریکا دونوں بلاکس کے ساتھ آگے چلنا ہے۔ 

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے