وزیراعظم جنرل اسمبلی اجلاس کے لئے روانہ، رات لندن قیام کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف لاہور سے لندن چلے گئے، جہاں سے وہ 23 ستمبر کو امریکا روانہ ہوں گے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف لاہور سے لندن روانہ ہوئے جہاں وہ ایک رات قیام کریں گے اور اس کے بعد 23 ستمبر کی شام کو لندن سے امریکا روانہ ہو جائیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے دورہ امریکا کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نیویارک روانہ ہو رہا ہوں ۔ نیویارک میں انتہائی مصروف وقت گزرے گا۔عالمی رہنماؤں سے اپنی بات چیت میں عالمی مسائل، امن کے فروغ، ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے امور کو اجاگر کیا جائے گا ۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے پلیٹ فارم سے دنیا کے سامنے پاکستان کا نقطہء نظر پیش کروں گا اور مختلف امور پر پاکستان کے موقف اور مفادات کی ترجمانی کروں گا۔بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط کرنے کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں سے دنیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ انہوں نے گزشتہ روز جاتی امرا رائیونڈ میں نواز شریف سے ملاقات کی تھی، جس میں وزیراعظم نے پارٹی قائد کو موجودہ سیاسی صورت حال، آئینی ترامیم اور دورہ امریکا کے ایجنڈے کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔ اہم ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر نواز شریف نے شہباز شریف کو مشورے بھی دیے
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں