آئینی ترمیم قوم کی آخری امید ختم کرنے کی کوشش ہے،عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے اکائونٹ پر اتوار کو جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ’آئینی ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کی صورت میں جو قوم کی آخری امید اور سہارا ہے اسے بھی ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اس بیان کو پی ٹی آئی نے اپنے ایکس ہینڈل پر ری پوسٹ کیا ہے جس میں مزید کہا گیا کہ ’ملک میں تمام اداروں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ ایک سپریم کورٹ بچی ہے جوقوم کی آخری امید اور سہارا ہے۔
قوم کی اس آخری امید کو آئینی ترمیم کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ایک مرتبہ پھر من پسند شخص کو ایکسٹینشن دینے کے لیے تمام ادارے اور ملک کے نظام کو داؤ پر لگایا جا رہا ہے۔
بیان کے مطابق ’نئی آئینی ترامیم کی ذریعے قاضی فائز عیسیٰ کو لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پوری قوم عدلیہ کے پیچھے کھڑی ہے۔ عوامی مینڈیٹ سے عاری فارم 47 کی حکومت نے اگر آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو اپنے تابع کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم جانتی ہے کہ عدلیہ کی حفاظت کیسے کرنی ہے۔
پی ٹی آئی ٹی آئی ہر صورت ملک کی عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہو گی۔ ہم ملک بھر میں بھرپور احتجاج کی کال دیں گے۔
دوسری طرف پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت کے ساتھ ممکنہ آئینی ترمیم پر حکومت نے کوئی مشاورت نہیں کی، مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ طے ہوا تھا کہ جو بھی فیصلہ ہوگا مشترکہ طور پر کریں گے۔
پی ٹی آئی کے ایکس ہینڈل پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں اسد قیصر نے اتوار کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے ساتھ آئینی ترمیم کے حوالے سے کوئی مشاورت نہیں ہوئی اور نہ ہی ہمارے ساتھ کوئی ڈرافٹ شیئر کیا گیا۔ جو بھی ہو رہا ہے رولز کے خلاف ہو رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں