اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 20 دسمبر کو ہوں گے، شیڈول جاری
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے مطابق پولنگ 20 دسمبر 2026 کو 2015 کے قانون کے تحت ہوگی۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے عوامی نوٹس 30 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا، جبکہ امیدوار 2 نومبر سے 6 نومبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔امیدواروں کے ناموں کی فہرست 7 نومبر کو شائع کی جائے گی اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 نومبر سے 13 نومبر تک ہوگی۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 14 نومبر سے 18 نومبر تک دائر کی جاسکیں گی، جبکہ ان اپیلوں پر فیصلے 19 نومبر سے 23 نومبر تک کیے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 25 نومبر کو جاری کی جائے گی، جبکہ انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔اسلام آباد میں پولنگ 20 دسمبر کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔ انتخابی نتائج کا اعلان 21 سے 24 دسمبر تک کیا جائے گا۔انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سرکاری افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے لیے الیکشن کمیشن کی پیشگی منظوری لازمی قرار دے دی گئی ہے۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ عام تعطیل کے باوجود الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر کھلے رہیں گے تاکہ انتخابی امور بروقت مکمل کیے جاسکیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں