معروف تامل گلوکار کرشناراج 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
نئی دہلی: معروف تامل گلوکار کرشناراج 75 برس کی عمر میں بھارتی شہر چنئی میں انتقال کرگئے۔ تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ وجے نے ان کے انتقال کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔کرشناراج راماسامی جمعرات کو چنئی میں چل بسے۔ تامل فلمی موسیقی کے مداحوں کے لیے یہ ہفتہ سوگوار ثابت ہوا، کیونکہ معروف موسیقار دیوا 17 اکتوبر جبکہ ان کے بھتیجے اور اداکار کارتھک سبیش 20 اکتوبر کو انتقال کرگئے تھے۔ کرشناراج اور دیوا نے مل کر کئی یادگار گیت تخلیق کیے، جو تامل فلمی موسیقی میں مقبول ہوئے۔گلوکارہ انورادھا سری رام نے چنئی میں کرشناراج کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی، جبکہ اداکار سرتھ کمار نے بھی گلوکار کے ساتھ گزرے وقت کو یاد کیا۔ ان کے مطابق کرشناراج نے اپنے کیریئر کے دوران 300 سے زائد گیت ریکارڈ کرائے تھے۔کرشناراج نے موسیقی کے شعبے میں قدم رکھنے سے پہلے بطور ویور کام کیا۔ بعد ازاں انہوں نے موسیقی کی باقاعدہ تربیت حاصل کی اور مختلف ساز بجانا سیکھے۔ فلمی دنیا میں موقع حاصل کرنے کی کوششوں کے دوران وہ مختلف موسیقی کے گروپوں کے ساتھ گاتے رہے۔انہیں 1990 کی دہائی میں نمایاں کامیابی ملی، جبکہ کرشناراج اور دیوا کی جوڑی نے 2000 کی دہائی تک کئی مقبول گیت پیش کیے۔ ان دونوں کی تخلیقی شراکت نے تامل فلمی موسیقی میں اپنی الگ پہچان بنائی۔1997 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’پورکالم‘‘ کا گیت ’’تھنجاوورو مانو ایڈتھو‘‘ آج بھی یادگار سمجھا جاتا ہے۔ یہ گیت سنگاپور کے سابق صدر ایس آر ناتھن کی آخری رسومات کے موقع پر بھی پیش کیا گیا تھا، تاکہ ان کی آخری خواہشات میں سے ایک پوری کی جاسکے۔گلوکارہ چنمئی، سجاتھا موہن، انورادھا سری رام اور دیگر فنکاروں نے بھی کرشناراج کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں