میگن شٹ ادویات سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی پر 2 میچوں سے معطل

کینبرا: آسٹریلیا ویمن کرکٹ ٹیم کی تجربہ کار فاسٹ بولر میگن شٹ کو ادویات سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی پر دو میچوں کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق انہوں نے کھیلوں کی سائنس اور اسپورٹس میڈیسن سے متعلق مقررہ ہدایات پر عمل نہیں کیا۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے واضح کیا ہے کہ یہ معاملہ کھیلوں میں ادویات کے استعمال سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی کا ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ پہلا ایسا واقعہ ہے جو کرکٹ مقابلوں سے باہر پیش آیا، جبکہ میگن شٹ نے کارکردگی بہتر بنانے کے لیے دوا استعمال نہیں کی۔میگن شٹ آسٹریلیا کی دائیں ہاتھ کی فاسٹ بولر ہیں، جنہوں نے 2012 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا۔ وہ 2013 کے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر تھیں اور 2020 کے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی آسٹریلیا کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں دو ہیٹ ٹرک کرنے والی پہلی خاتون بولر بھی ہیں۔میگن شٹ نے سزا قبول کرتے ہوئے مقررہ ضوابط پر عمل نہ کرنے پر معذرت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ذمہ داری تسلیم کرتی ہیں اور اس معاملے میں مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے پر افسوس ہے۔معطلی کے باعث میگن شٹ جمعرات کو سڈنی کے نارتھ سڈنی اوول میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور آخری مقابلے میں شرکت نہیں کرسکیں گی۔ وہ 31 اکتوبر کو ویمنز بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی جانب سے میلبورن اسٹارز کے خلاف سیزن کے افتتاحی میچ سے بھی باہر رہیں گی۔کھیلوں میں ادویات کے استعمال سے متعلق ضوابط کا مقصد کھلاڑیوں کی صحت کا تحفظ، ادویات کے استعمال میں شفافیت اور مقررہ قواعد کی پابندی یقینی بنانا ہے۔ طبی ضرورت کے تحت استعمال ہونے والی بعض ادویات کے لیے بھی کھلاڑیوں کو متعلقہ کھیلوں کے ادارے کو مطلع کرنا یا پیشگی اجازت لینا ضروری ہوتا ہے۔ ان ضوابط کی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے، چاہے دوا کا استعمال کھیل میں کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نہ کیا گیا ہو۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے