خیبرپختونخوا پولیس شہداء پیکج میں اضافہ
کوئٹہ: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔ ان کے مطابق پولیس کے شہداء کے معاوضوں، دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے والے اہلکاروں اور مستقل معذوری کی صورت میں دی جانے والی مالی امداد میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔فیصل کریم کنڈی کے مطابق کانسٹیبل سے انسپکٹر تک کے عہدوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کے شہداء پیکج کو ایک کروڑ 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کردیا گیا ہے، جبکہ ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہداء کا معاوضہ ایک کروڑ 60 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح گریڈ 18 اور 19 کے پولیس شہداء کا معاوضہ 2 کروڑ 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 3 کروڑ روپے کردیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے شہداء کے ورثاء کے لیے معاوضہ 2 کروڑ 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر ساڑھے 3 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔گورنر کے مطابق دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لیے مالی امداد ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کردی گئی ہے، جبکہ مستقل معذوری کی صورت میں 50 لاکھ روپے دینے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کانسٹیبل سے انسپکٹر تک کے عہدوں پر شہید ہونے والے اہلکاروں کے ورثاء کو 5 مرلہ پلاٹ کے بجائے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہداء کے ورثاء کے لیے رہائشی معاونت کی مد میں ڈھائی کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے مزید بتایا کہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے پولیس شہداء کے ورثاء کو پلاٹ کے بجائے 7 کروڑ روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس اہلکاروں کی شریکِ حیات یا بچوں کی وفات کی صورت میں بھی 50 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں