حسن نواز کی جارحانہ اننگز بھی پاکستان کو گولڈ میڈل نہ دلا سکی

ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، حسن نواز کی شاندار 96 رنز کی جارحانہ اننگز بھی ٹیم کو گولڈ میڈل نہ دلا سکی۔نشین میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 212 رنز کا ہدف دیا، تاہم پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز ہی بنا سکی۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ابتدائی تین وکٹیں جلد گر گئیں، جس کے بعد حسن نواز نے صائم ایوب کے ہمراہ 48 گیندوں پر 87 رنز کی اہم شراکت قائم کی اور ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔حسن نواز نے 51 گیندوں پر 96 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 7 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، تاہم دیگر بلے باز ان کا بھرپور ساتھ نہ دے سکے۔صائم ایوب 29 اور معاذ صداقت 23 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ کپتان صاحبزادہ فرحان 10، عبدالصمد 9 اور عثمان خان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بھارت کی جانب سے اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر اور شیوم دوبے نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔ بھارت کی اننگز میں ابھیشیک شرما نے 61، تلک ورما نے ناقابل شکست 51 جبکہ شیوم دوبے نے 27 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔کپتان شریاس ایئر 21، ایشان کشن 20، سوریا ونشی 15 اور سنجو سیمسن 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے احمد دانیال اور عرفات منہاس نے 2، 2 جبکہ صائم ایوب اور ابرار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ بھی ناقص رہی اور کئی اہم مواقع ضائع کیے گئے۔ پانچویں اوور میں ابھیشیک شرما اور شریاس ایئر کو مواقع ملے، جبکہ صائم ایوب نے تین گیندوں پر دو کیچز ڈراپ کیے۔پاکستان نے ابھیشیک شرما اور تلک ورما کو رن آؤٹ کرنے کے مواقع بھی ضائع کیے، جبکہ مجموعی طور پر 4 کیچز چھوڑے گئے۔فائنل میں شکست کے بعد پاکستان کو سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا، جبکہ بھارت نے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔میچ کے ٹاس اور اختتام پر بھارتی ٹیم کی جانب سے پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہ ملانے کا معاملہ بھی توجہ کا مرکز بنا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے