پاکستانی دستاویزی فلم آسکرز 2027 کی دوڑ میں شامل

اسلام آباد: پاکستان کی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے فلم ساز محمد علی نقوی کی دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائی اے وایئر‘ کو آسکرز 2027 کے لیے منتخب کر لیا۔یہ اعلان پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی ڈپٹی چیئرپرسن ثناء زہرا جعفری نے کینیڈا میں منعقدہ موزیک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (MISAFF) میں فلم کے پریمیئر کے موقع پر کیا۔ثناء زہرا جعفری کے مطابق دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائی اے وایئر‘ کو اکیڈمی ایوارڈز کی بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری کے لیے پاکستان کی نمائندگی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان نے آسکرز کی بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری میں ملک کی نمائندگی کے لیے کسی دستاویزی فلم کا انتخاب کیا ہے۔فلم کی رواں سال پاکستان میں ریلیز متوقع ہے، تاہم اس کی حتمی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔دستاویزی فلم اگست 2023 میں خیبر پختونخوا کے علاقے بٹگرام میں پیش آنے والے کیبل کار حادثے کی ڈرامائی داستان پر مبنی ہے۔ حادثے کے دوران 6 اسکول طلبہ سمیت 8 افراد دریائے جھانگری سے تقریباً 600 فٹ بلندی پر ایک کیبل کار میں پھنس گئے تھے، جس کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی شروع کی گئی اور پاکستان سمیت دنیا بھر کی نظریں اس واقعے پر مرکوز ہوگئیں۔پاک فوج کے اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک شخص کو بحفاظت نکال لیا تھا، جبکہ باقی 7 افراد کو بچانے کے لیے زِپ لائن کے ماہرین علی سواتی اور صاحب خان کو طلب کیا گیا۔ تقریباً 12 گھنٹے جاری رہنے والے انتہائی مشکل ریسکیو آپریشن کے بعد تمام 8 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔’ہینگنگ بائی اے وایئر‘ کی تحریر اور ہدایت کاری محمد علی نقوی نے کی ہے جبکہ بلال سمیع اس کے پروڈیوسر ہیں۔ فلم میں عینی شاہدین کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوز، حادثے میں زندہ بچ جانے والوں کے بیانات اور سنیماٹک انداز میں دوبارہ عکس بندی شامل کی گئی ہے۔دستاویزی فلم کا عالمی پریمیئر 2026 کے سنڈانس فلم فیسٹیول میں ورلڈ سنیما ڈاکیومنٹری مقابلے میں ہوا، جس کے بعد اسے 2026 کے وسط میں ٹرائی بیکا فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے