فلپائن کے اسکول میں فائرنگ، 2 طلبا ہلاک، 8 زخمی
فلپائن کے جنوبی علاقے میں ایک ہائی اسکول میں 16 سالہ طالب علم کی فائرنگ سے 2 طلبا ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے بعد حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کو جنوبی فلپائن کے صوبے ساؤتھ کوٹاباٹو کے شہر بانگا میں واقع بانگا نیشنل ہائی اسکول میں پیش آیا۔بانگا کے میئر البرٹ پالینشیا نے بتایا کہ فائرنگ میں ہلاک ہونے والے دونوں طلبا کی عمر 14 سال تھی، جبکہ حملہ آور کی عمر 16 سال تھی۔ واقعے میں زخمی ہونے والے تمام افراد بھی طلبا تھے، جن کی عمریں 14 سے 17 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ رواں سال جون کے بعد فلپائن میں اسکول میں فائرنگ کا تیسرا مہلک واقعہ ہے۔حکام کے مطابق حملہ آور نے فائرنگ سے قبل دوپہر کے کھانے کے وقت مبینہ طور پر اپنے دوستوں کو بتایا تھا کہ وہ دوپہر کے بعد اپنے منصوبے پر عمل کرے گا اور انہیں گھر جانے کا کہا تھا۔ تاہم اس کے دوستوں نے اس کی بات کو سنجیدہ نہیں لیا کیونکہ وہ اسے مذاق کرنے والے شخص کے طور پر جانتے تھے۔پولیس کے مطابق طالب علم نے دوپہر کے بعد اسکول میں فائرنگ شروع کردی اور متعدد طلبا کو نشانہ بنایا، جس کے بعد اس نے خود کو بھی گولی مار لی۔تفتیش کاروں کے مطابق فائرنگ میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پستول حملہ آور کے والد کا تھا، جو محکمہ تعلیم میں ملازم ہیں۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ نابالغ طالب علم کو ہتھیار تک رسائی کیسے حاصل ہوئی۔واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ فلپائن ریڈ کراس نے اطلاع ملنے کے بعد ایمبولینس اور چار طبی امدادی کارکن جائے وقوعہ پر بھیجے۔حکام حملہ آور کے ممکنہ آن لائن گروپ سے تعلق کے امکان کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ تاہم اس تعلق اور فائرنگ کی ممکنہ وجہ کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں اور تاحال واقعے کے حتمی محرک کا تعین نہیں کیا گیا۔واقعے کے بعد بانگا کی پوری میونسپلٹی میں تمام سطحوں کی تدریسی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔واضح رہے کہ فلپائن کے اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات ماضی میں نسبتاً کم ہوتے تھے، تاہم حالیہ مہینوں میں ایسے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ جون میں ایک ہائی اسکول میں فائرنگ سے 3 طلبا ہلاک اور تقریباً 20 زخمی ہوئے تھے، جبکہ اگست میں بھی ایک اسکول میں طالب علم نے کلاس روم میں ساتھی طالب علم کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کرلی تھی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں