سہیل آفریدی کے رویے سے شہری پریشان ہوئے، معافی مانگیں، پنجاب حکومت

لاہور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی لاہور آمد کے موقع پر شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات پر حکومت پنجاب نے ان سے عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی لاہور آمد کے حوالے سے صوبائی وزیر اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو پنجاب میں داخل ہونے پر مکمل سیکیورٹی فراہم کرکے ایک ذمہ دار حکومت ہونے کا ثبوت دیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب نے متعدد مرتبہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے عملے اور خیبرپختونخوا حکومت سے ان کے روٹ کے حوالے سے معلومات اور تعاون طلب کیا، تاہم اس سلسلے میں کوئی تعاون نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی نازیبا اور غیر پارلیمانی گفتگو کے باوجود پنجاب پولیس نے اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کی۔صوبائی وزیر کے مطابق سہیل آفریدی کے رویے کی وجہ سے شہری سارا دن مشکلات کا شکار رہے اور متعدد مریض ایمبولینسز میں پھنسے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال کے باعث وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے گارڈز کے ہمراہ پولیس کی گاڑی پر سیر و تفریح کرنے کے بعد فٹ پاتھ پر بیٹھ گئے، تاہم عوام نے ان کے اس عمل پر کوئی توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور اسی اصول کے تحت وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو لاہور آمد کے دوران سیکیورٹی فراہم کی گئی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے