دل میں پیوست گولی، 12 سالہ بچے کی کامیاب سرجری سے جان بچ گئی
کراچی: نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیزز (NICVD) کے ماہر ڈاکٹروں نے دل میں پیوست گولی نکال کر خضدار سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ بچے کی جان بچالی۔ترجمان کے مطابق بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کیا گیا تھا، جہاں ایکو کارڈیوگرافی کے ذریعے دل میں گولی کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ گولی دل میں پیوست ہونے کے باعث بچے کو فوری طور پر آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا۔پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن پروفیسر سہیل خان بنگش کی سربراہی میں ماہر ٹیم نے تقریباً دو گھنٹے جاری رہنے والی پیچیدہ سرجری کے دوران گولی کامیابی سے دل سے نکال لی۔آپریشن کے بعد بچے کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔ طبی ٹیم میں ڈاکٹر سعد بدر، ڈاکٹر عبد الستار شیخ اور پروفیسر امین خواجہ سمیت دیگر ماہرین شامل تھے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں