ایران نے حملہ کیا تو بھرپور جواب دیں گے، اسرائیلی وزیر دفاع

اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسرائیل کسی دوسرے ملک کی مدد یا اجازت کا انتظار کیے بغیر بھرپور طاقت کے ساتھ جوابی کارروائی کرے گا۔اسرائیلی وزیر دفاع کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی فورسز کی جانب سے خطے کے مختلف مقامات پر موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں کی گئی ہیں۔اسرائیل کاٹز نے کہا کہ اسرائیلی فوج یہودیوں کے اہم مذہبی تہواروں کے سیزن کے دوران ایران کی جانب سے ممکنہ حملے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ یہ مذہبی تہوار ستمبر کے وسط میں شروع ہونے والے ہیں۔اسرائیلی وزیر دفاع کے مطابق فی الحال ایران خطے میں مختلف مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے، تاہم اسرائیل کو بھی ایران کی جانب سے ممکنہ حملے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیلی فوج دفاعی طور پر مکمل تیار ہے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔اسرائیل کاٹز نے مزید کہا کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسرائیل خود کارروائی کرے گا اور کسی دوسرے ملک کی مدد یا اجازت کا انتظار نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق اسرائیلی جنگی طیارے بھی ممکنہ حملے کے لیے تیار ہیں۔اسرائیلی وزیر دفاع کے اس بیان کے بعد ایران اور اسرائیل کے درمیان پہلے سے جاری کشیدگی میں مزید اضافے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں، جبکہ خطے میں کسی بھی نئی فوجی کارروائی کے وسیع تر اثرات کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے