کولمبو پورٹ پر پاکستانی ڈرگ نیٹ ورک کا منصوبہ ناکام

کولمبو : امریکی انسدادِ منشیات کے ادارے (DEA) اور سری لنکن پولیس نے کولمبو پورٹ پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی ڈرگ نیٹ ورک کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ آپریشن کے دوران تقریباً 463 کلوگرام کرسٹل میتھمفیٹامائن (آئس) برآمد کی گئی، جس کی مالیت تقریباً 21 ملین ڈالر بتائی گئی ہے۔ کارروائی میں 3 پاکستانی شہریوں سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔امریکی سفارتخانے اور سری لنکن پولیس کے ترجمان ڈپٹی انسپکٹر جنرل اشوکا دھرمارکشیپت کے مطابق یہ کارروائی امریکی ادارے ڈی ای اے کے کنٹری آفس اور سری لنکا پولیس نارکوٹکس بیورو کے درمیان مربوط تعاون کا نتیجہ تھی۔حکام کے مطابق 14 سے 29 اگست کے دوران پاکستان اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے اسپیشل انویسٹی گیشن سیل نے پاکستان سے کولمبو بھیجے جانے والے مشکوک بحری کنٹینرز کی نشاندہی کی تھی۔ اس حساس اطلاع پر سینئر ڈی آئی جی رنمل کوڈیٹوواکو نے کارروائی کی ہدایت کی، جس کے بعد سینٹرل کرائم انویسٹی گیشن بیورو نے عدالت سے تلاشی کے وارنٹ حاصل کیے۔31 اگست 2026ء کی دوپہر کسٹمز حکام کی مدد سے کولمبو پورٹ کے یارڈ میں موجود مشکوک کنٹینر پر چھاپہ مارا گیا۔ تلاشی کے دوران انکشاف ہوا کہ تقریباً 463 کلوگرام آئس کو جسم صاف کرنے والے خصوصی تولیوں کے اندر انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تھا۔ منشیات کو سری لنکا کے راستے بین الاقوامی مارکیٹ میں ایکسپورٹ کیا جانا تھا۔منشیات کی برآمدگی کے بعد پولیس نے سب سے پہلے دیماتاگوڈا کے 44 سالہ رہائشی کو گرفتار کیا، جو مذکورہ کنٹینر کو سری لنکا لانے کا ذمہ دار تھا۔ مزید تفتیش کے دوران اس ڈرگ نیٹ ورک میں مبینہ طور پر ملوث 3 پاکستانی شہریوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا، جن کی عمریں 33، 36 اور 51 سال بتائی گئی ہیں۔امریکی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کامیابی سرحد پار کارروائیاں کرنے والی مجرمانہ تنظیموں کے خلاف امریکا اور سری لنکا کے درمیان مضبوط شراکت داری کو ظاہر کرتی ہے۔ سفارتخانے کے مطابق اس طرح کی مجرمانہ سرگرمیاں دہشت گردی کی فنڈنگ کا بھی ذریعہ بنتی ہیں۔دوسری جانب سری لنکا کے وزیر برائے پبلک سیکیورٹی آنندا وجے پال نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ ملک میں منشیات کی زیادہ تر سپلائی افغانستان اور پاکستان سے بحری راستوں کے ذریعے آتی ہے۔وزیر کے مطابق اس وقت سری لنکا میں اندازاً 4 لاکھ افراد منشیات کے عادی ہیں، جبکہ گزشتہ برس اکتوبر کے بعد سے جاری منشیات کے خلاف مہم کے دوران سری لنکن حکام اب تک تقریباً 14 ٹن غیر قانونی منشیات ضبط کرچکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے