اسماء مشتاق اسپانٹک مہم کے دوران جاں بحق

لاہور: پاکستانی نوجوان ٹریول ویلاگر اور کوہ پیما اسماء مشتاق اسپانٹک چوٹی کی مہم جوئی کے دوران جاں بحق ہوگئیں۔7 فروری 1992 کو پیدا ہونے والی اسماء مشتاق کو مہم جوئی، پہاڑوں اور قدرتی مناظر سے گہری محبت کے باعث کوہ پیمائی کی کمیونٹی میں نمایاں مقام حاصل تھا۔اسماء حال ہی میں قراقرم کے سلسلے میں واقع 7 ہزار 27 میٹر بلند اسپانٹک چوٹی سر کرنے کی مہم کا حصہ بنی تھیں۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنے گائیڈ علی اکبر کے ہمراہ کامیابی سے چوٹی سر کی، جبکہ اس وقت ان کی طبیعت بھی بہتر تھی۔تاہم چوٹی سے واپسی کے دوران انہیں مبینہ طور پر بلند مقام کی بیماری کا سامنا کرنا پڑا۔ گائیڈ نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی، لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔اسماء مشتاق کی میت واپس لانے کے انتظامات کے لیے قراقرم کالنگ ٹریکس متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے اور تعاون کر رہا ہے۔ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ صارفین نے اسماء کی پہاڑوں، ساحلوں اور قدرتی مناظر سے محبت کو یاد کرتے ہوئے ان کے لیے مغفرت اور بلندیٔ درجات کی دعائیں بھی کیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے