نور بخاری نے عون چوہدری سے دوبارہ شادی کو معجزہ قرار دے دیا
کراچی: پاکستان کی سابقہ اداکارہ نور بخاری نے عون چوہدری سے طلاق کے بعد دوبارہ شادی کے فیصلے پر پہلی بار تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اسے اللہ کی مرضی اور معجزہ قرار دیا ہے۔ایک حالیہ انٹرویو میں نور بخاری نے کہا کہ انہوں نے دوبارہ شادی کے بارے میں کبھی نہیں سوچا تھا، تاہم جب انہوں نے سب کچھ چھوڑ کر اللہ کی راہ اختیار کی تو شاید اللہ نے ہی عون چوہدری کے دل میں دوبارہ شادی کا فیصلہ ڈالا۔نور بخاری کے مطابق وہ اور عون چوہدری اپنی دوبارہ شادی کے فیصلے سے خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاید دونوں کی محبت کبھی ختم نہیں ہوئی تھی، اسی لیے وہ دوبارہ ایک ہوگئے۔سابقہ اداکارہ نے اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے کہا کہ طلاق کے بعد دوبارہ شادی ہونا اور پھر خوشی سے زندگی گزارنا کسی معجزے سے کم نہیں۔ انہوں نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ انہیں نظرِ بد سے محفوظ رکھے۔نور بخاری نے عون چوہدری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہت اچھے اور نیک دل انسان ہیں اور ان کے بچے بھی عون سے بہت محبت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے والد جیسا شخص کہیں نہیں دیکھا، تاہم اللہ نے والد کے بعد انہیں عون کی صورت میں ایک اچھا شوہر عطا کیا۔واضح رہے کہ نور بخاری کی پہلی شادی عون چوہدری سے ہوئی تھی، تاہم دونوں میں طلاق ہوگئی تھی۔ اس کے بعد نور بخاری نے مزید دو شادیاں کیں جو طلاق پر ختم ہوئیں۔بعد ازاں نور بخاری نے عون چوہدری سے دوبارہ شادی کرلی، جو ان کی چوتھی شادی ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں