کبل خودکش حملہ: شہداء کی تعداد 17 ہوگئی، مقدمہ درج

سوات: کبل میں خودکش حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔ زخمی پولیس کانسٹیبل مکرم خان دورانِ علاج دم توڑ گئے، جس کے بعد شہداء میں 7 پولیس اہلکار اور 10 شہری شامل ہیں، جبکہ 23 افراد زخمی ہیں۔

پولیس کے مطابق حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، جس میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ خودکش تھا، جبکہ جائے وقوعہ سے حملہ آور کا سر بھی ملا ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ دھماکے کی نوعیت اور استعمال ہونے والے بارودی مواد کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ ممکنہ سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے کہا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب خودکش حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں اعلیٰ پولیس حکام، سول انتظامیہ، پاک فوج کے افسران، صوبائی وزیر اور شہداء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے