کشمیر کےعوام نے نواز شریف کے وژن پراعتماد کیا: رانا ثنااللہ

سلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوئے اور مسلم لیگ (ن) حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت حاصل کر چکی ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ 45 رکنی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) 23 نشستیں جیت چکی ہے۔ ان کے مطابق 10 تاریخ کو انتخابات کے تیسرے مرحلے کے فوری بعد پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 20 نشستوں پر انتخابات ہوئے، جن میں سے مسلم لیگ (ن) نے 13 جبکہ پیپلز پارٹی نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ مظفرآباد کی چاروں نشستیں بھی مسلم لیگ (ن) نے اپنے نام کیں۔

رانا ثنا اللہ کے مطابق 12 مہاجر نشستوں میں سے 10 پر مسلم لیگ (ن) کامیاب رہی جبکہ پیپلز پارٹی دو نشستیں حاصل کر سکی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے وژن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جس پر وہ عوام کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں عوامی مینڈیٹ کی بنیاد پر حکومت قائم ہوگی اور مسلم لیگ (ن) اپنے انتخابی وعدے پورے کرے گی۔

پریس کانفرنس کے دوران رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر مظفرآباد میں ہنگامہ آرائی کرائی، جہاں پولیس کے پہنچنے پر فائرنگ بھی کی گئی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک شخص کی ہلاکت کے باعث شہر میں خوف و ہراس پھیلا، جس سے ووٹر ٹرن آؤٹ متاثر ہوا اور مسلم لیگ (ن) ایک شہری نشست سے محروم رہی۔

رانا ثنا اللہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ چوہدری لطیف اکبر پر قاتلانہ حملے کا دعویٰ بے بنیاد تھا، جبکہ انہوں نے میڈیکل معائنہ کروانے سے بھی انکار کیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے