مریم نواز کی امریکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امریکی اعلیٰ سطحی کاروباری وفد کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت "زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ” پالیسی پر عمل پیرا ہے، جس کے تحت سرمایہ کار کم سے کم بیوروکریٹک رکاوٹوں کے ساتھ فوری طور پر کاروبار شروع کر سکیں گے۔لاہور میں امریکی وفد سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا ایک اہم اقتصادی شراکت دار ہے اور پنجاب میں امریکی سرمایہ کاروں کی موجودگی باہمی اعتماد کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کو سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، صحت، معدنیات، توانائی اور نجی شعبے کے تعاون سے مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب پاکستان کی معیشت کا سب سے بڑا محرک ہے، جو قومی جی ڈی پی میں 55.7 فیصد، زراعت میں 57.5 فیصد، مینوفیکچرنگ میں 48 فیصد اور سروسز میں 57.4 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 13 کروڑ آبادی، نوجوان افرادی قوت، 20 اسپیشل اکنامک زونز، دو ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اور جدید آئی ٹی ایکو سسٹم پنجاب کو سرمایہ کاری کے لیے ایک منفرد مقام بناتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت، 10 سالہ انکم ٹیکس چھوٹ، سبسڈائزڈ لیز ریٹس، صنعتی زمین اور دیگر مراعات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ حکومت 15 سے زائد ریگولیٹری اداروں کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لانے کے منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کا وقت اور لاگت کم ہو۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ، نواز شریف میڈیکل سٹی، ایگرو پروسیسنگ پارکس، الیکٹرک موبلٹی، ویسٹ مینجمنٹ، ہاؤسنگ، سیاحت، آئی ٹی اور معدنیات سمیت متعدد بڑے منصوبے سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ تین برسوں میں 7.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متحرک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں 3.9 ارب ڈالر سرکاری اور 3.2 ارب ڈالر نجی شعبے کی سرمایہ کاری شامل ہوگی۔مریم نواز نے کہا کہ چنیوٹ کے خام لوہے اور تانبے کے ذخائر، پنک سالٹ، پلیسر گولڈ اور دیگر معدنی وسائل عالمی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ نواز شریف آئی ٹی سٹی، پنجاب اسٹارٹ اپ فنڈ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے منصوبے مستقبل کی معیشت کی بنیاد بنیں گے۔انہوں نے امریکی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر منصوبے پر تیز رفتار عمل درآمد اور مکمل سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا: "پنجاب میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کل نہیں، آج کریں اور کاروبار فوری شروع کریں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں