خیبر اور نوشکی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 32 دہشتگرد ہلاک: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری انٹیلیجنس آپریشنز میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر اور نوشکی میں مجموعی طور پر 32 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب ضلع خیبر میں انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر متعدد کلیئرنس اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مختلف ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلیجنس بنیادوں پر کئی کارروائیاں کی گئیں، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 8 دہشتگرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد برآمد کر کے موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ وہاں موجود کسی بھی دوسرے دہشتگرد کا سراغ لگا کر اسے بھی ختم کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے