حوثیوں کی جہازوں پر حملوں کی دھمکی کا طاقت سے جواب دیں گے، سعودی فوجی اتحاد کا اعلان
سعودی عرب نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودیہ کی سمندری ناکہ بندی کے اعلان کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کے حوثیوں کی سعودیہ کی سمندری ناکہ بندی کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
بیان میں حوثیوں کے سعودی عرب پر یمنی عوام کا محاصرہ کرنے کے الزام کی مذمت کی گئی او رکہا گیا کہ سعودیہ یمنی عوام اور یمن کی "قانونی” حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔
یمن میں سعودی قیادت والے اتحاد نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ آبنائے باب المندب میں اپنے تجارتی جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے، حوثیوں کی جانب سے جہازوں پر حملوں کی دھمکی کا طاقت سے جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز یمن کی حوثی تنظیم انصاراللہ نے سعودی عرب کی بحری ناکا بندی کا اعلان کیا۔
ترجمان انصار اللہ نے کہا کہ سعودی عرب کے خلاف بحری ناکا بندی کا اعلان کر رہے ہیں۔ یہ فیصلہ سعودی عرب کی جانب سے یمن پر عائد کیے گئے محاصرے کے جواب میں کیا گیا ہے، یمن کے صنعا ائیرپورٹ کی بندش ناقابل قبول ہے، اس بندش کا جواب بندش سے دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حوثیوں نے سعودی عرب پر صنعا ائیرپورٹ پر فضائی حملے کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور جواب دینے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے بعد حوثیوں نے سعودی عرب پر میزائلوں سے حملہ کیا تھا جسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں