بنگلادیش ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر آئی سی سی کا اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنےکا اعلان
آئی سی سی نے باضابطہ طور پر اعلان کردیا ہے کہ بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم شرکت کرےگی۔
بنگلا دیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا تھا اور اپنے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرنےکا مطالبہ کیا تھا۔
آئی سی سی کا کہنا ہےکہ تین ہفتوں سے زائد اس معاملے پر تفصیلی بات چیت کی گئی، بی سی بی سے بھی رابطے رکھے اور بی سی بی کے تحفظات کا ہر طرح سے جائزہ لیا گیا۔
آئی سی سی کے مطابق بی سی بی سے تمام معاملات پر بات کی گئی اور بی سی بی کو یقین دہانیاں بھی کرائی گئیں۔
بنگلادیش کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، محسن نقوی
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہےکہ بنگلادیش کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، اس کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہونا چاہیے، بنگلا دیش آئی سی سی میں برابر کی حیثیت کا ملک ہے، اگر پاکستان کے ساتھ معاملے میں بھارت کو فیور دیا گیا تو بنگلا دیش کو بھی ملنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھاکہ یہ دہرا معیار ہے، ایک ملک کسی کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا، ڈکٹیشن ہوئی تو پھر پاکستان کا بھی ایک مؤقف ہے اور پاکستان اپنے مؤقف پر قائم رہےگا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی، آئی سی سی سے زیادہ حکومت پاکستان کے تابع ہیں، فیصلہ حکومت کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلے کے لیے وزیراعظم کی آمد کے منتظرہیں، اس وقت وزیر اعظم پاکستان ملک میں نہیں ہیں، پہلے حکومت فیصلہ بتادے پھر پلان اے بی سی تیار ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں