مسئلہ کشمیر کے حل تک جنگ کا خطرہ رہے گا، انوارالحق

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ اگر مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہ کیا گیا تو جنوبی ایشیا پر جنگ کے بادل مسلسل منڈلاتے رہیں گے، جس کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی امن کو بھی شدید خطرات لاحق ہوں گے۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جس نے کنوینئر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایوانِ وزیراعظم مظفرآباد میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں ایڈووکیٹ پرویز شاہ، عبدالحمید لون، راجہ خادم حسین، مشتاق السلام اور عبدالمجید میر شامل تھے۔

وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے "آپریشن بنیان المرصوص” کی شاندار کامیابی اور دفاع وطن کے جذبے پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک اور واضح مؤقف کی تعریف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، غیر ریاستی باشندوں کی آبادکاری، کشمیری نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریوں، گھروں کو بارود سے اڑانے، اور جائیدادوں کی غیر قانونی ضبطی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں شہری آزادیوں کو کچلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جو ہرگز قابل قبول نہیں۔

وزیراعظم نے اقوامِ متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور دیگر عالمی اداروں و اقوام سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن، منصفانہ اور پائیدار طریقے سے حل کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماضی کی طرح اگر اس اہم مسئلے کو نظر انداز کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج عالمی برادری کو بھگتنا پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے، اور یہ وقت ہے کہ پاکستان کی حکومت اور افواج، کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھیں تاکہ دنیا بھارتی جارحیت اور ظلم کا اصل چہرہ دیکھ سکے۔

اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی نے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی قیادت میں مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر جس انداز میں اجاگر ہو رہا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کوششوں میں مزید تیزی آئے گی تاکہ کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کی عالمی مہم مزید مؤثر بنائی جا سکے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے