چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک اور مکمل بیڈ ریسٹ کی خبریں، بمراہ نے خاموشی توڑ دی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے اپنے مکمل بیڈ ریسٹ پر جانے اور چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک ہونے کی تمام خبروں کو مسترد کردیا۔

بدھ 15 جنوری کو بھارتی میڈیا پر کئی شہ سرخیاں دیکھی گئیں جن میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ کمرکی تکلیف کا شکار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ بیڈ ریسٹ پر چلےگئے ہیں اور چیمپئنز ٹرافی میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان

بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ بمراہ آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی کے سڈنی ٹیسٹ میں کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔ اس سیریز میں بمراہ نے 5 ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 151.2 اوورز کروائے اور 32 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ جسپریت بمراہ کی کمرکی تکلیف سے متعلق رپورٹس حوصلہ افزا نہیں ہیں، بمراہ کرکٹ میں واپسی کےلیے جلد بازی نہیں کریں گے، ڈاکٹروں نے انہیں بیڈریسٹ کا مشورہ دیا ہے۔

بمراہ نے مائیکر و بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کیا اور ان خبروں کو فیک نیوز قرار دیا۔ کرکٹر نے لکھا ‘مجھے معلوم ہے کہ جعلی خبر پھیلانا کتنا آسان ہے لیکن واقعی اس خبر نے تو مجھے ہنسا دیا۔ ساتھ ہی بھارتی بولر نے ہنسنے والے متعدد ایموجیز کا بھی استعمال کیا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری کو شروع ہوگی، اس سے قبل بھارت نے انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے جو 22 جنوری سے شروع ہوگی، اس کے بعد3 ون ڈے میچز بھی ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے