کشمیری دنیا بھر میں آج یوم سیاہ منارہے ہیں
مظفرآباد: ریاست جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں تاکہ دنیا کو اپنی سرزمین پر بھارت کے ناجائز قبضے کو مسترد کرنے کا پیغام دیا جا سکے۔یوم سیاہ کی مناسبت سے پاکستان اور دنیا بھر میں احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینار منعقد کیے جارہے ہیں جبکہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آج مکمل ہڑتال ہے۔
آزاد کشمیر میں 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج کے حملے اور بی جے پی کی زیر قیادت ہندوتوا حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی مذمت کے لیے تمام اضلاع اور تحصیل ہیڈ کوارٹر میں احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کیے جائیں گے۔ ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں کشمیر لبریشن سیل نے ایک احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا ہے جس کے بعد بڑی ریلی نکالی گئی ۔
اسی طرح پاسبان حریت جموں و کشمیر، کشمیری مہاجرین، دیگر حریت تنظیموں اور سیاسی و مذہبی جماعتوں نے یوم سیاہ منانے کے لیے بھارت مخالف ریلیوں اور سیمینارز کا اہتمام کیا ہے۔صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے دنیا بھر کے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
واضح رہے کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوجیوں نے تقسیم کے منصوبے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر حملہ کیا اور کشمیریوں کی مرضی کے خلاف خطے پر قبضہ کر لیا تھا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں