کویت کے نیول جہاز پر ایرانی حملے میں 4 اہلکار زخمی ہوئے،کویتی فوج کی تصدیق
کویتی فوج نے تصدیق کی ہے کہ کویت کے نیول جہاز پر ایران کے حملے میں 4 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
کویتی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کو کویت کے ایک نیول جہاز کو نشانہ بنایا گیا جس میں 4 اہلکار زخمی ہوئے، چاروں اہلکاروں کو طبی امداد دی گئی، حالت مستحکم ہے۔
کویتی فوج کے مطابق مسلح افواج نے منگل کے روز ایک بیلسٹک، 4کروز میزائل اور 33 ڈرونز کو روکا، حملے کئی اہم اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے تھے۔
کویتی فوج کا کہنا ہےکہ تباہ شدہ میزائلوں اور ڈرونز کا ملبہ گرنے سے مادی نقصان ہوا۔
واضح رہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب فورس نے اعلان کیا تھا کہ بحرین اور کویت میں دشمن کے اسلحہ ذخائر کو نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ کویت کی علی سالم ائیربیس میں ڈرون لانچنگ پیڈ کو نشانہ بنایا، کویت میں حملے ایران پر امریکی حملوں کے جواب میں کیے گئے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ جب تک جارح امریکا موجود رہےگا، تیل و گیس خطے سے باہر نہیں جائےگا، امریکا کے جارحانہ اقدامات کا ہرمز کُھلنے میں تاخیر کے سوا کوئی نتیجہ نہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں