جنگ کیخلاف بولتا رہوں گا، مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو کا ٹرمپ کی تنقید پر ردعمل
کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو کا امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر ردعمل سامنے آگیا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ کے خلاف بیانات دینے پر کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں کمزور اور خطرناک شخصیت قرار دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں پوپ لیو کا بڑا مداح نہیں ہوں، جرم کے معاملے میں پوپ لیو کمزور ہیں اور خارجہ پالیسی کے معاملے میں وہ خوفناک ہیں۔
پوپ لیو نے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ جنگ کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے، چاہے اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ان پر تنقید ہی کیوں نہ کی جائے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق پوپ لیو نے خصوصی طیارے میں الجزائر جاتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کے ساتھ بحث میں نہیں پڑنا چاہتا، میں جنگ کے خلاف، امن کے فروغ، مکالمے اور ریاستوں کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے بلند آواز میں بولتا رہوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت زیادہ معصوم لوگ مارے جا رہے ہیں اور میرا خیال ہے کہ کسی نہ کسی کو کھڑا ہو کر یہ کہنا ہوگا کہ اس سے بہتر راستہ بھی موجود ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں