لیاری کے نوجوان ہیروز نے انڈر-15 ناروے فٹبال کپ 2025 جیت لیا
پاکستانی نوجوان فٹبال ٹیم ’بیٹر فیوچر پاکستان‘ نے ناروے کپ انڈر-15 چیمپئن شپ 2025 جیت کر ملک کے لیے تاریخ رقم کر دی۔ فائنل میں گرین شرٹس نے ناروے کے مقامی کلب جیووِک-لِن کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 0-2 سے شکست دی۔
احمد علی اور اویس نے فیصلہ کن گول اسکور کیے، جبکہ ٹیم نے پورے میچ پر مہارت اور خوداعتمادی کے ساتھ گرفت قائم رکھی۔ دفاعی حکمت عملی اتنی مضبوط رہی کہ مخالف ٹیم کو واپسی کا کوئی موقع نہ ملا۔
بیٹر فیوچر پاکستان نے ٹورنامنٹ کے دوران کُل 9 میچز کھیلے اور تمام میں کامیابی حاصل کرکے ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ ٹیم نے صرف میدان میں کارکردگی نہیں دکھائی بلکہ ’بیسٹ فیئر پلے ٹیم‘ کا اعزاز بھی حاصل کیا، جس میں 16 ’فیئر پلے گرین کارڈز‘ بھی شامل ہیں جو ان کی نظم و ضبط اور کھیل کی روح کی گواہی دیتے ہیں۔
ٹیم کی اکثریت کراچی کے علاقے لیاری سمیت پاکستان کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے یکم اگست کو گریکر آئی ایف کو 2-4 سے ہرایا، پھر اگلے پلے آف میں گیجلریسن کو 1-4 سے شکست دی، اور فائنل میں جیووِک-لِن کے خلاف فیصلہ کن کامیابی حاصل کی۔ یہ شاندار کارکردگی نہ صرف ایک بڑا ٹائٹل پاکستان کے نام کر گئی بلکہ عالمی سطح پر پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کا لوہا بھی منوا گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لیاری کی فٹبال ٹیم کو ناروے کپ 2025 جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیاری کے نوجوان کھلاڑیوں نے دنیا بھر میں پاکستان اور سندھ کا نام روشن کیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ لیاری کے نوجوان ہماری پہچان اور فخر ہیں، اور ان کی یہ تاریخی کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت سندھ لیاری کے ان ہیروز کو قومی سطح پر پذیرائی دلانے کے لیے پرعزم ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں