لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو انگلینڈ پر نفسیاتی برتری حاصل
لندن: ہیڈنگلے ٹیسٹ میں اننگز کی شکست کے باوجود لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف نفسیاتی برتری حاصل ہوگی۔ قومی ٹیم 8 سال بعد لندن میں ٹیسٹ میچ کھیلنے میدان میں اترے گی۔پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف گزشتہ میچ میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم لارڈز اور اوول کے میدانوں میں قومی ٹیم کا ریکارڈ حوصلہ افزا ہے۔ پاکستان نے انگلینڈ میں کھیلے گئے آخری تین ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔قومی ٹیم نے 2016 میں لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 75 رنز سے شکست دی تھی جبکہ اسی دورے کے اوول ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ 2018 میں بھی لارڈز کے میدان میں پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں محمد عباس نے 8 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔پاکستان نے انگلینڈ میں اب تک مجموعی طور پر 13 ٹیسٹ میچز جیتے ہیں، جن میں سے 10 فتوحات لندن کے لارڈز یا اوول کے میدانوں میں حاصل کی گئی ہیں۔دوسری جانب ہیڈنگلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد قومی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔ کپتان بابر اعظم انجری سے صحتیاب ہونے کے بعد ٹیم میں واپس آسکتے ہیں جبکہ محمد رضوان کو ٹیم سے باہر کیے جانے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔قومی ٹیم لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف بہتر کارکردگی دکھا کر سیریز میں واپسی کی کوشش کرے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں