امریکی کانگریسی وفد کی فیلڈ مارشل سے ملاقات

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون اور اقتصادی شراکت داری سمیت مختلف اہم معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کا انحصار مضبوط معیشت، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط کے استحکام پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کاروبار دوست ماحول کی تشکیل اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جامع ساختی اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی استحکام اور اقتصادی مضبوطی میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی روابط، نجی شعبے کے درمیان شراکت داری اور باہمی تجارت کے فروغ کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ امریکی ارکانِ کانگریس نے پرتپاک مہمان نوازی پر عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار بھی کیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے