میری وراثت جائیداد نہیں عوام ہیں، چودھری عزیز کے جنازے میں رقت آمیز مناظر

،

مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سینئر رہنما اور سابق وزیر چودھری محمدعزیز کو آبائی علاقے حویلی میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحوم کی نمازجنازہ میں بارش کے باوجود ہزاروں افراد نے شرکت کی اور ہر طرف ان کے چاہنے والوں کاایک جم غفیر نظر آیا۔ چودھری محمدعزیز کی وفات پر علاقے میں سوگ کی کفیت رہی ۔ حکومت آزاد کشمیر نے بھی ایک روزہ سوگ کااعلان کیا تھا۔ جمعرات کی شام سے ہی چودھری محمدعزیز کی رہائش گاہ پردوسرے شہروں سے آنے والے مہمانوں کا تانتا بندھاہوا تھا یہی وجہ ہے کہ اہلیان حویلی نے مہمانوں کو ٹھہرانے کے لئے اپنے گھروں کے دروازے کھول دیئے تھے ،نوجوان ٹولیوں کی صورت میں آکر مہمانوں کوگھروں تک پہنچاتے رہے ۔ چودھری عزیز کی وفات ان کے چاہنے والوں کے لئے ایک بڑا صدمہ ہے جس کے مناظر جنازہ کے وقت بھی دیکھنے کوملے۔
چودھری عزیز مرحوم کے بیٹے محسن عزیز نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا میرے والد نے کہا تھا میں وراثت میں جائیداد نہیں عوام کو چھوڑ کرجارہاہوں ان کا خیال کرنا۔
دوسری طرف سوشل میڈیا پر بھی چودھری عزیز کے چاہنے والے ان سے عقیدت کااظہار کررہے ہیں،ایک صارف آمنہ ہاشمی نے لکھا حویلی کو آسائشیں دینے والا آج اپنے گھر کوروانہ ہوگیا،دنیا کمائی جاسکتی ہے لیکن اس کے لئے چودھری محمدعزیز جیسی محنت اور حوصلہ چاہئے ۔ تنہاکیانی نے لکھا آہ قائد! تمھاری موت نے مارا ہے جیتے جی ہم کو، ہماری جان بھی تمھاری جان میں تھی۔۔سیدآفتاب حسین نے لکھا آج حویلی یتیم ہوگیا۔
ماہ نور چودھری نے لکھا یہ شخص حویلی کا ہیرو تھا مظلوم لوگوں کا سایہ تھا ۔سید وجیہہ الرحمان شیرازی نے لکھاایک عہد تھا جو تمام ہوا۔حویلی کی جاندار آواز جو ہمیشہ کے لیے خاموش ہو گئی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے