خیبرپختونخوا کو 5 سال میں وفاق سے این ایف سی ایوارڈ اور وار آن ٹیررکی مد میں 34 کھرب سے زائد کے فنڈز ملے

خیبرپختونخوا اسمبلی میں گزشتہ پانچ مالی سال کے دوران وفاق سے صوبے کو ملنے والے فنڈز کی تفصیلات پیش کر دی گئیں۔ 

سرکاری دستاویزات کے مطابق مالی سال 2021 سے 2025 تک صوبے کو این ایف سی ایوارڈ اور وار آن ٹیرر کی مد میں مجموعی طور پر 34 کھرب 88 ارب 67 کروڑ 50 لاکھ روپے موصول ہوئے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق گزشتہ 5سالوں میں این ایف سی ایوارڈ کی مد میں خیبرپختونخوا کو 31 کھرب 14 ارب 45 کروڑ روپے فراہم کیے گئے، جبکہ وار آن ٹیرر کی مد میں وفاق نے 3 کھرب 74 ارب 22 کروڑ 40 لاکھ روپے جاری کیے۔

دستاویزات کے مطابق گزشتہ پانچ سال کے دوران وفاق سے سب سے زیادہ فنڈز مالی سال 2024-25 میں موصول ہوئے، جب صوبے کو مجموعی طور پر 10 کھرب 46 ارب 87 کروڑ 50 لاکھ روپے دیے گئے۔

اس کے علاوہ رواں مالی سال میں این ایف سی کی مد میں 9 کھرب 34 ارب 57 کروڑ 90 لاکھ روپے جبکہ وار آن ٹیرر کی مد میں 1 کھرب 12 ارب 22 کروڑ 96 لاکھ روپے خیبرپختونخوا کو منتقل کیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق گزشتہ 5 سالوں کے دوران وفاقی فنڈز میں خیبرپختونخوا کا مجموعی حصہ 36 کھرب 47 ارب 64 کروڑ 90 لاکھ روپے بنتا ہے، جبکہ صوبے کو عملی طور پر 34 کھرب 88 ارب 67 کروڑ 50 لاکھ روپے موصول ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق این ایف سی اور وار آن ٹیرر کی مد میں صوبے کا وفاق پر 1 کھرب 58 ارب 97 کروڑ 40 لاکھ روپے بقیہ ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے