وزیراعلیٰ پنجاب و سندھ کی سیلاب متاثرین کے لیے مدد کی یقین دہانی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر رہنماؤں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ریسکیو ہیلی کاپٹر کے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت کے تمام وسائل خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کے لیے دستیاب ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اہل پنجاب اپنے خیبرپختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے غم میں شریک ہیں۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی جانب سے بھی تعزیت پہنچائی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے تعزیتی رابطے اور عوام کی مدد کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔اسی طرح، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی خیبرپختونخوا حکومت سے رابطہ کیا اور سیلاب متاثرین کے لیے سندھ حکومت کی بھرپور مدد کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو ضرورت کے مطابق واٹر ریٹریشن پلانٹ خیبرپختونخوا بھیجنے کا حکم دیا اور فوری طور پر 10 ٹرک راشن بیگس اور دیگر اشیائے خورونوش روانہ کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثر بھائیوں کے ساتھ اس مشکل گھڑی میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں