ٹک ٹاکر ثنا قتل کیس، مرکزی ملزم 14 روزہ ریمانڈ پر جیل منتقل
اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کیس میں گرفتار ملوث ملزم عمر حیات کو شناختی پریڈ کے لیے 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کیس میں گرفتار ملزم عمر حیات کو ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد کی عدالت میں پیش کیاگیا۔
ڈیوٹی پراسیکیوٹر کی جانب سے ثنا یوسف قتل کیس کے مقدمے کا متن پڑھا گیا، جبکہ جج نے متعلقہ عدالت کے پراسیکیوٹر اور ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کے غیر حاضر ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا میری عدالت کے پراسیکیوٹر کہاں ہیں؟
ڈیوٹی جج احمد شہزاد کا کہنا تھا ویسے پراسیکیوٹر آتے نہیں، ہائی پروفائل کیس ہے تو سب پراسیکیوٹرز پہنچ گئے، ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کو کمرہ عدالت میں بلائیں۔ڈیوٹی پراسیکیوٹر نے بتایا کہ پراسیکیوٹر چھٹیوں پر ہیں، ڈسٹرکٹ پراسکیوٹر آئےگا تو کیس آگے چلےگا۔عدالت نے ملزم عمر حیات کو شناخت پریڈ کے لیے 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں