یتیم بچے کو گاڑی سے کچلنے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
بہاولپور: ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے وسیم عباس کو گاڑی سے کچلنے کے مقدمے میں نامزد ملزم توقیر نذیر سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔حکام کے مطابق ملزم توقیر نذیر نے پیر کے روز کار کی ٹکر سے 15 سالہ وسیم عباس کو کچل دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق مقتول یتیم بچہ ملزم کے مبینہ غیر انسانی رویے سے تنگ آکر اس کے پاس کام نہیں کرنا چاہتا تھا۔ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی عرفان اکبر کے مطابق واقعے کے بعد ملزم توقیر نذیر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے اسے چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ تاہم، ملزم دورانِ ریمانڈ فرار ہوگیا تھا۔عرفان اکبر کے مطابق بہاولپور میں ناردرن بائی پاس پر پولیس نے دو موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کردی۔ پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک مشتبہ موٹر سائیکل سوار اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت توقیر نذیر کے طور پر کی گئی۔ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔واضح رہے کہ عدالت میں پیشی کے دوران وکلا نے بھی ملزم کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ 15 سالہ یتیم بچے کی ہلاکت کے اس افسوس ناک واقعے پر ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔ سوشل میڈیا صارفین نے واقعے کو انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں