پی ٹی آئی اور حکومت کے مذاکرات چند روز میں بحال ہونے کا امکان، عامر ڈوگر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان آئندہ چند روز میں مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور امید ہے کہ جلد بات چیت کا سلسلہ بحال ہو جائے گا۔عامر ڈوگر نے کہا کہ پارٹی میں اندرونی اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں اور پارلیمانی پارٹی کے اندر کوئی اختلاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس پر مکمل اعتماد ہے اور دونوں کو بانی چیئرمین کی حمایت حاصل ہے۔ ان کے بقول، پارٹی رہنماؤں کا فرض ہے کہ وہ ان کے ساتھ چلیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا کہ وہ دو تہائی اکثریت کے ساتھ آئینی اور قانونی وزیراعلیٰ ہیں اور بانی چیئرمین کے اعتماد کے مطابق اس منصب پر فائز ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ بانی چیئرمین کی مرضی کے بغیر خیبرپختونخوا میں کوئی دوسرا وزیراعلیٰ نہیں بن سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی اس مقصد کے لیے کوشش کر رہا ہے، وہ پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہوگا۔عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ ہیں اور وہی رہیں گے۔ ان کے مطابق بعض عناصر پارٹی میں مزید دراڑیں ڈالنا چاہتے ہیں، تاہم انہوں نے پارٹی میں اختلافات کی خبروں کو مسترد کیا۔پی ٹی آئی کے خلاف مبینہ حکومتی کارروائیوں پر تنقید کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا کہ ملک میں اس وقت فسطائیت عروج پر ہے اور تحریک انصاف کے خلاف ظلم و بربریت کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قومی اسمبلی کے 10 سے زائد ارکان جیل میں ہیں۔عامر ڈوگر نے ایک بار پھر مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان آنے والے دنوں میں بات چیت دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے