مائیکل جیکسن کی ’تھرلر‘ جیکٹ پھر نیلام ہوگی، قیمت کتنی لگے گی؟
پاپ موسیقی کے بے تاج بادشاہ مائیکل جیکسن کی مشہور سرخ اور سیاہ ’تھرلر‘ جیکٹ ایک بار پھر نیلامی کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ اس بار نیلامی دسمبر 2026 میں ابوظبی میں ہوگی، جہاں گلوکار کے ملبوسات اور دیگر یادگار اشیا کے 100 سے زائد نمونے خریداروں کی توجہ کا مرکز بنیں گے۔ ان میں تھرلر جیکٹ کے علاوہ ان کا مشہور چمک دار دستانہ اور 1983 میں استعمال کیے گئے جوتوں کے دو جوڑے بھی شامل ہیں۔جولینز آکشنز کے زیر اہتمام ’مائیکل جیکسن: دی فیشن لیگیسی ایوننگ آکشن‘ 7 سے 9 دسمبر 2026 تک ابوظبی کے روزوُڈ ہوٹل میں منعقد ہوگی۔ یہ نیلامی کمپنی کے ’سیلیبریٹی اینڈ پاپ کلچر ایکسپیرینس‘ کا حصہ ہے۔مائیکل جیکسن کی تھرلر میوزک ویڈیو کے لیے ایسی صرف دو جیکٹیں تیار کی گئی تھیں۔ ان کا ڈیزائن معروف ملبوسات ڈیزائنر ڈیبورا نڈولمین لینڈس نے تیار کیا تھا، جو ویڈیو کے ہدایت کار جان لینڈس کی اہلیہ ہیں۔ ان میں سے ایک جیکٹ زومبی رقص کے دوران استعمال ہونے کی وجہ سے گھس گئی تھی اور جیکسن خاندان کے پاس محفوظ رہی، جبکہ دوسری جیکٹ ابوظبی میں نیلامی کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔اس جیکٹ کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس کی آستین پر مائیکل جیکسن کے دستخط موجود ہیں۔ گلوکار نے یہ جیکٹ اپنے دیرینہ ملبوسات ڈیزائنرز ڈینس ٹامپکنز اور مائیکل بش کو دی تھی۔ جون 2011 میں اسے بیورلی ہلز میں جولینز آکشنز کے ذریعے فروخت کیا گیا، جہاں ٹیکساس کے اجناس کے تاجر ملٹن ویرٹ نے تقریباً ایک درجن بین الاقوامی بولی دہندگان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اسے 18 لاکھ ڈالر میں خرید لیا تھا۔گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس وقت یہ نیلامی میں فروخت ہونے والی دنیا کی سب سے مہنگی جیکٹ بن گئی تھی۔ ویرٹ نے اسے مختلف مقامات پر نمائش کے لیے لے جانے اور بچوں کے اسپتالوں کے لیے فنڈز جمع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ 2011 کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کا کچھ حصہ شمبالا پریزرو کو بھی دیا گیا، جو بڑی بلیوں کے تحفظ کا مرکز ہے اور جہاں مائیکل جیکسن کے بنگال ٹائیگرز رکھے گئے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں سے ایک ٹائیگر کا نام بھی ’تھرلر‘ تھا۔تقریباً 15 سال بعد اس مشہور جیکٹ کی دوبارہ نیلامی ہو رہی ہے۔ جولینز آکشنز کے شریک بانی مارٹن نولان نے پیپل میگزین کے حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ دنیا نے اس جیکٹ کے بارے میں بات کرنا کبھی بند نہیں کی۔نیلامی میں مائیکل جیکسن کا وہ چمک دار دستانہ بھی شامل ہوگا جو انہوں نے گیت ’بلی جین‘ کی پرفارمنس کے دوران ٹیلی وژن شو ’موٹاؤن 25: یسٹرڈے، ٹوڈے، فارایور‘ میں پہنا تھا۔ مئی 1983 میں نشر ہونے والے اس شو میں جیکسن نے پہلی بار بڑے پیمانے پر اپنا مشہور ’مون واک‘ رقص پیش کیا تھا، جو بعد میں ان کی پہچان بن گیا۔یہ دستانہ 2009 میں جولینز آکشنز کے ذریعے 4 لاکھ 30 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا تھا اور اس وقت اس نے بھی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اب نیلام گھر کو اس دستانے کی قیمت 6 لاکھ سے 8 لاکھ ڈالر کے درمیان ملنے کی توقع ہے۔نیلامی کی دیگر نمایاں اشیا میں سیاہ لوفر جوتوں کے دو جوڑے شامل ہیں۔ ان میں سے ایک جوڑا مائیکل جیکسن نے ’موٹاؤن 25‘ کی پرفارمنس کے دوران پہنا تھا، جبکہ دوسرا جوڑا مشہور ’تھرلر‘ میوزک ویڈیو میں استعمال کیا گیا تھا۔ فلورشائم برانڈ کے ان جوتوں کے ساتھ ویڈیو کے کوریوگرافر مائیکل پیٹرز کے نام گلوکار کا دستخط شدہ خط بھی موجود ہے۔7 سے 9 دسمبر تک ابوظبی کے جزیرے الماریہ میں واقع روزوُڈ ہوٹل میں ہونے والی اس نیلامی میں مائیکل جیکسن کے 100 سے زائد ملبوسات اور یادگار اشیا پیش کی جائیں گی۔ تاہم خصوصی توجہ کا مرکز ان کی تاریخی تھرلر جیکٹ، موٹاؤن 25 میں استعمال ہونے والا چمک دار دستانہ اور 1983 کے جوتوں کے دونوں جوڑے ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں