اسحاق ڈار: وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں کے سامنے پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران عالمی رہنماؤں کے سامنے پاکستان کا مؤقف مدلل، واضح اور مؤثر انداز میں پیش کیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کا نیویارک کا دورہ نہایت کامیاب رہا، انہوں نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں اہم عالمی اور علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو کی اور کشمیر و فلسطین کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف واضح انداز میں پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے کی بھارتی خلاف ورزیوں اور بھارت کے ساتھ جنگ کے حوالے سے عالمی برادری کو آگاہ کیا، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور اس کے نتیجے میں خطے کو درپیش مشکلات پر بھی بات کی گئی۔نائب وزیراعظم کے مطابق پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں سے بھی عالمی برادری کو آگاہ کیا۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران پاکستانی صحافیوں سے بھی ملاقات ہوئی جبکہ او آئی سی رابطہ گروپ کے مختلف اجلاسوں میں شرکت کی گئی۔ ان کے مطابق پاکستان کی صدارت میں سلامتی کونسل میں مسائل کے حل سے متعلق ایک قرارداد بھی منظور ہوئی۔انہوں نے کہا کہ 47 سال بعد امریکا اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات اسلام آباد میں ہوئے، جو پاکستان کی سفارتی کوششوں کی اہم پیش رفت ہے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران آبنائے ہرمز اور باب المندب سمیت اہم عالمی بحری راستوں کے حوالے سے پاکستان کا واضح مؤقف پیش کیا۔ اہم بحری راستے عالمی معیشت کی شہ رگ ہیں اور انہیں ہر صورت کھلا رہنا چاہیے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کی جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران مختلف ممالک کے سربراہان سے مفید اور اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان کے بہت بڑے حمایتی ہیں اور انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی گئی ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی رہنماؤں اور مختلف عالمی شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ ان کے مطابق وزیراعظم کی تقریر کے دوران متعدد بار ہال میں تالیاں بھی بجیں اور اس حوالے سے انہیں کریڈٹ دینا چاہیے۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس، پرنس رحیم آغا خان اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں پاکستان کے معاشی، سماجی اور ترقیاتی امور سمیت باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے افغانستان کی جانب سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کا معاملہ بھی عالمی سطح پر اٹھایا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی، جبکہ پاکستان، امریکا بزنس کونسل کے وفد نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں