خیبر پختونخوا کی ترقی اور عوامی فلاح کا سفر جاری رکھیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی ترقی اور صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی، جبکہ وفاق اور صوبے کے درمیان ہم آہنگی مزید بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی ترقی اور صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام جاری رکھے گی۔ ملاقات میں وفاق اور صوبے کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور ہم آہنگی کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بھی ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے حالیہ مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی، جبکہ امدادی سامان کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطے مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔وزیراعظم نے ملک میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو بروقت امداد اور ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے